اسلام آباد (نیوز ڈیسک)ترکیہ میں برطانوی خاتون کی پراسرار موت، پوسٹ مارٹم رپورٹ میں دل غائب ہونے کا انکشا ف ،برطانیہ سے تعلق رکھنے والی ایک 28 سالہ خاتون کی ترکیہ میں اچانک موت نے کئی سوالات کھڑے کر دیے ہیں، خاص طور پر اس وقت جب یہ معلوم ہوا کہ پوسٹ مارٹم کے دوران اس کا دل موجود نہیں تھا۔میڈیا رپورٹس کے مطابق، بیتھ مارٹن نامی خاتون، جو دو بچوں کی ماں تھیں، ترکیہ میں تعطیلات گزارنے گئی تھیں۔ تاہم، استنبول پہنچنے کے کچھ ہی گھنٹوں کے اندر انہیں طبیعت بگڑنے کی شکایت ہوئی، جس پر انہیں فوری طور پر اسپتال منتقل کیا گیا۔
افسوسناک طور پر، اگلے ہی دن وہ جانبر نہ ہو سکیں۔ترک وزارت صحت کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ ابتدائی طور پر خاتون کی موت کی وجہ “متعدد اعضا کی ناکامی” قرار دی گئی ہے، تاہم مکمل میڈیکل رپورٹ فی الحال جاری نہیں کی گئی۔ حکام کا کہنا ہے کہ واقعے کی مکمل تحقیقات جاری ہیں تاکہ موت کی اصل وجہ معلوم کی جا سکے۔دلچسپ بات یہ ہے کہ بیتھ مارٹن کی فیملی نے دعویٰ کیا ہے کہ پوسٹ مارٹم رپورٹ میں واضح کیا گیا ہے کہ خاتون کا دل لاش سے غائب ہے، جب کہ موت سے قبل ان کی کوئی سرجری بھی نہیں کی گئی تھی۔
بیتھ نے ترکیہ میں اپنے سفر کے دوران فوڈ پوائزننگ کی شکایت کی تھی، اور وہ اس بارے میں اپنے ساتھیوں کو مطلع بھی کر چکی تھیں۔ لیکن کسی کو یہ اندازہ نہ تھا کہ معاملہ اتنا سنگین رخ اختیار کر لے گا۔اب یہ معاملہ بین الاقوامی توجہ کا مرکز بن چکا ہے، اور بیتھ مارٹن کی موت کی پراسرار وجوہات اور دل کے غائب ہونے کے حوالے سے حقائق جاننے کے لیے برطانوی حکام بھی ترک حکومت سے رابطے میں ہیں۔