اسلام آباد (نیوز ڈیسک)بھارت کے سابق وزیر خارجہ یشونت سنہا نے آپریشن سندور کی ناکامی پر تہلکہ خیز انکشافات کرتے ہوئے مودی حکومت کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ حکومت میڈیا کے ذریعے اس ناکامی پر پردہ ڈالنے کی کوشش کر رہی ہے تاکہ عوام کو اصل حقائق سے لاعلم رکھا جا سکے۔یشونت سنہا کا دعویٰ ہے کہ حکومت نے آپریشن میں تباہ ہونے والے طیاروں کی صحیح تعداد چھپا رکھی ہے، اور اس بارے میں جو معلومات سامنے لائی جا رہی ہیں وہ گمراہ کن اور مفروضوں پر مبنی ہیں۔ ان کے مطابق یہ سب کچھ سیاسی مقاصد، خصوصاً بہار کے انتخابات کے تناظر میں کیا جا رہا ہے۔
انہوں نے زور دیا کہ وزیر اعظم نریندر مودی، وزیر داخلہ امت شاہ، وزیر خارجہ جے شنکر اور قومی سلامتی کے مشیر اجیت دووال کو خارجہ پالیسی اور انٹیلیجنس کی ناکامی کی ذمہ داری لیتے ہوئے اپنے عہدوں سے مستعفی ہو جانا چاہیے۔یشونت سنہا نے مزید کہا کہ موجودہ حالات میں اگر کوئی حکومت سے سوال کرتا ہے تو اسے ملک دشمن قرار دے دیا جاتا ہے۔ انہوں نے افسوس کا اظہار کیا کہ عوام کو سچائی سے دور رکھا جا رہا ہے جبکہ وزیر اعظم نے آل پارٹی کانفرنس کو نظر انداز کر کے انتخابی جلسوں کو ترجیح دی۔
ان کے بقول، بی جے پی اور وزیر اعظم مودی کی سیاست جھوٹے دعووں اور پروپیگنڈا پر مبنی ہے۔ انہوں نے الزام لگایا کہ پہلگام کا فالس فلیگ واقعہ بھی مودی حکومت نے اپنے مذموم سیاسی اہداف کے لیے استعمال کیا۔دوسری جانب دفاعی تجزیہ کاروں کا ماننا ہے کہ سابق وزیر خارجہ کے ان بیانات سے یہ بات واضح ہوتی ہے کہ مودی سرکار کو اس آپریشن میں شدید ناکامی کا سامنا کرنا پڑا، جس کے اثرات آنے والے دنوں میں نمایاں ہو سکتے ہیں۔