اسلام آباد (نیوز ڈیسک)عراق کے شہر کوفہ میں ایک افسوسناک واقعہ پیش آیا، جہاں ایک پالتو شیر نے اپنے ہی مالک پر حملہ کر کے اسے موت کے گھاٹ اتار دیا۔بین الاقوامی میڈیا رپورٹس کے مطابق 50 سالہ شخص، عاقل فخر الدین، نے کچھ روز قبل ایک شیر کو بطور پالتو جانور اپنے گھر میں رکھا تھا۔ وہ اس جنگلی جانور کو دیگر جانوروں کے ساتھ ایک پنجرے میں رکھے ہوئے تھے۔
تاہم جب وہ ایک روز شیر کے پنجرے کے قریب پہنچے، تو اچانک شیر نے ان پر حملہ کر دیا۔عینی شاہدین کے مطابق شیر نے عاقل پر جھپٹتے ہوئے ان کی گردن اور سینے کو بری طرح زخمی کر دیا۔ ان کی دردناک چیخیں سن کر قریب رہنے والا ایک پڑوسی مدد کے لیے دوڑا اور شیر کو قابو میں کرنے کی کوشش کی، لیکن وہ کامیاب نہ ہو سکا۔بالآخر شیر کو قابو پانے کے لیے پڑوسی نے اس پر سات گولیاں چلائیں اور زخمی مالک کو فوری طور پر اسپتال منتقل کیا گیا، تاہم وہ شدید زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گئے۔
یہ واقعہ پالتو جانور کے طور پر خطرناک جنگلی حیوانات رکھنے کے خطرات کی ایک اور یاد دہانی بن گیا ہے، اور سوشل میڈیا پر بھی اس پر شدید بحث جاری ہے۔