اسلام آباد (این این آئی)سیکرٹریز اوورسیز پاکستانیز نے سینیٹ قائمہ کمیٹی کو بتایا ہے کہ بیلاروس میں پاکستانیوں کیلئے انڈسٹری، زراعت، ہاؤسنگ اور نان سکولز سمیت 1 لاکھ 98 ہزار اسامیاں موجود ہیں، بیلاروس کیلئے ویب سائٹ کھلی ہے ،پاکستانی براہ راست اپلائی کر سکتے ہیں،کم از کم تنخواہ 7 ڈالر یومیہ مقرر کی گئی ہے جو پاکستانیوں کیلئے بہتر موقع ہو سکتا ہے۔
جمعرات کو سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے اوورسیز پاکستانیوں کا اجلاس سینیٹر ذیشان خانزادہ کی زیر صدارت منعقد ہوا۔ اجلاس میں مختلف امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔اجلاس میں چیئرمین کمیٹی نے سیکرٹری اوورسیز پاکستانیز سے پوچھا کہ بیلاروس میں پاکستانیوں کیلئے کتنی نوکریاں دستیاب ہیں، جس پر انہوں نے بتایا کہ بیلاروس میں پاکستانیوں کے لیے انڈسٹری، زراعت، ہاؤسنگ اور نان سکولز سمیت 1 لاکھ 98 ہزار اسامیاں موجود ہیں۔انہوں نے بتایا کہ بیلاروس میں ملازمت حاصل کرنے کیلئے پاکستانیوں کو روسی زبان سکھائی جا رہی ہے، یہ زبان سکھانے کا عمل نمل یونیورسٹی کے ذریعے جاری ہے۔چیئرمین کمیٹی نے دریافت کیا کہ کن شعبوں کے افراد بیرون ملک جانے میں دلچسپی رکھتے ہیں؟، جس پر سیکرٹری نے بتایا کہ آج کی دنیا صرف سکلڈ یعنی مہارت رکھنے والے افراد کی ضرورت محسوس کرتی ہے۔انہوں نے بتایا کہ بیلاروس کے ٹریکٹرز دنیا بھر میں مشہور ہیں اور یورپ میں سیزنل لیبر کی بہت زیادہ مانگ ہے، حکومت ایسے اقدامات کر رہی ہے جن سے سیزنل لیبر کی واپسی کو یقینی بنایا جا سکے۔
سیکرٹری نے کہا کہ سیزنل لیبر کے حوالے سے اٹلی نے پاکستان پر اعتماد کیا ہے اور ہماری لیبر کو ملازمت کے مواقع فراہم کیے جا رہے ہیں۔چیئرمین کمیٹی نے سوال اٹھایا کہ پاکستانیوں کو بیلاروس جانے کی اجازت کب تک ممکن ہوگی؟، جس پر سیکرٹری نے وضاحت کی کہ بیلاروس کیلئے ویب سائٹ کھلی ہوئی ہے اور پاکستانی براہ راست اپلائی کر سکتے ہیں۔انہوں نے بتایا کہ 2 ماہ کے اندر بیلاروس کے ساتھ ہمارا ایم او یو (معاہدہ) بھی طے پا جائے گا۔ بیلاروس میں کم از کم تنخواہ 7 ڈالر یومیہ مقرر کی گئی ہے، جو پاکستانیوں کیلئے ایک بہتر موقع ہو سکتا ہے۔اجلاس میں اوورسیز پاکستانیوں کے لیے صحت سہولت پروگرام پر بھی بریفنگ دی گئی۔ سی سی او محمد ارشد نے بتایا کہ 20 کروڑ پاکستانی اس پروگرام کا حصہ ہیں اور اب تک ڈیڑھ کروڑ سے زائد افراد نے صحت سہولیات حاصل کی ہیں۔انہوں نے کہا کہ وزیراعظم سے لے کر ایک عام پاکستانی تک سب کے لیے ایک جیسا پیکیج اور سہولت دستیاب ہے۔