اسلام آباد (نیوز ڈیسک)جاپان کی معروف پیش گو شخصیت ریو تاتسوکی، جنہیں اکثر “جاپان کی بابا وانگا” کے لقب سے یاد کیا جاتا ہے، نے جولائی 2025 میں ایک تباہ کن میگا سونامی کے خدشے کا اظہار کیا ہے، جو نہ صرف جاپان بلکہ آس پاس کے کئی ممالک کو بھی شدید نقصان پہنچا سکتا ہے۔
ریو تاتسوکی کی ساکھ اس وقت قائم ہوئی جب انہوں نے مارچ 2011 کے توہوکو زلزلے اور سونامی کی درست پیش گوئی کی تھی، جس کے بعد ان کی پیش گوئیوں کو دنیا بھر میں سنجیدگی سے لیا جانے لگا۔حالیہ پیش گوئی کے بعد جاپانی حکام نے بھی ایک سائنسی رپورٹ جاری کی ہے، جس میں نانکائی ٹراؤ کے خطے میں شدت 8 سے 9 کے زلزلے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔
اس رپورٹ میں اندازہ لگایا گیا ہے کہ اگر ایسا زلزلہ آتا ہے تو اس کے نتیجے میں تقریباً 2 لاکھ 98 ہزار افراد کی جانیں جا سکتی ہیں اور معیشت کو 1.8 ٹریلین ڈالر سے زائد کا نقصان پہنچنے کا اندیشہ ہے۔حکام اور ماہرین نے عوام کو پیشگی حفاظتی اقدامات اپنانے، ہنگامی حالات کے منصوبے تیار رکھنے اور ساحلی علاقوں سے فوری انخلا کے لیے تیار رہنے کی ہدایات دی ہیں۔ موجودہ صورتحال کے پیش نظر الرٹ جاری کر دیا گیا ہے تاکہ ممکنہ خطرات سے بچاؤ یقینی بنایا جا سکے۔