واشنگٹن(این این آئی )چین کی جانب سے امریکی مصنوعات پر جوابی ٹیرف عائد کیے جانے پر امریکی صدر ٹرمپ نے تبصرہ کیا ہے کہ چین کا یہ رد عمل اس کی گھبراہٹ کی عکاسی کر رہا ہے۔ ٹرمپ نے مالیاتی منڈیوں میں تیزی سے گراوٹ کی اہمیت کو کم کرنے کی کوشش کی۔میڈیارپورٹس کے مطابق اپنے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ٹروتھ سوشل پر انہوں نے لکھا کہ چین نے ایک غلطی کی ہے، وہ گھبرا گئے اور یہ واحد چیز ہے جو وہ برداشت نہیں کر سکتے۔
واضح رہے امریکہ کی جانب سے ٹیرف عائد کیے جانے کے جواب میں چین نے تمام امریکی اشیا پر 34 فیصد محصولات عائد کرنے کا اعلان کردیا ہے۔ واضح رہے امریکی انتظامیہ نے ان ممالک کو انتباہ کیا تھا کہ وہ کسٹم ڈیوٹی کا جواب نہ دیں۔ چینی وزارت تجارت نے الیکٹرانک مصنوعات کی تیاری میں استعمال ہونے والے گیڈولینیم اور یٹریئم سمیت سات نادر زمینی عناصر کی امریکہ سے برآمد پر بھی پابندیاں عائد کر دی ہیں۔