واشنگٹن(این این آئی) امریکی انٹیلیجنس اداروں میں 100 سے زائد اہلکاروں کو حساس سرکاری چیٹ پلیٹ فارم پر فحش گفتگو کرنے کے الزام میں ملازمت سے برطرف کر دیا گیا۔میڈیارپورٹس کے مطابق امریکی ڈائریکٹر آف نیشنل انٹیلیجنس، ٹلسی گیبرڈ نے ایک انٹرویو میں بتایا کہ یہ اہلکار ایک محفوظ چیٹ سسٹم کو، جو قومی سلامتی کے لیے مخصوص تھا، فحش اور غیر اخلاقی گفتگو کے لیے استعمال کر رہے تھے۔
انہوں نے کہا کہ یہ اعتماد کی سنگین خلاف ورزی ہے، جو بنیادی پیشہ ورانہ اصولوں کے بھی خلاف ہے۔گیبرڈ نے اعلان کیا کہ ان تمام ملازمین کو فوری طور پر برطرف کر کے ان کی سیکیورٹی کلیئرنس منسوخ کر دی جائے گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہم انٹیلیجنس ایجنسیوں میں سخت صفائی مہم جاری رکھیں گے۔