منیلا (این این آئی )فلپائن کے ایک گنجان آباد شہری علاقے میں حکام نے ڈینگی کے بڑھتے کیسز کے بعد انوکھی کوشش شروع کر دی۔غیر ملکی میڈیا کے مطابق اس علاقے میں حکام ڈینگی کے پھیلا کو روکنے کی کوشش کے طور پر مچھروں کو مارنے پر نقد انعام کی پیشکش کر رہے ہیں۔منیلا کے علاقے برانگے ایڈیشن ہلز کے علاقے میں 5 مچھر لانے پر ایک پیسو (2امریکی سینٹ)انعام دینے کا اعلان کیا گیا ہے۔
یہ پیشکش ایک ماہ تک جاری رہے گی اور اس دوران مردہ یا زندہ مچھروں اور ان کے لاروا دونوں پر انعام دیا جائے گا۔ بعد ازاں زندہ مچھروں کو الٹرا وائلٹ لائٹ کے ذریعے مار دیا جائے گا، اب تک 21 افراد 700 مچھر اور لاروا لا کر انعام حاصل بھی کر چکے ہیں۔یہ پروگرام علاقے میں ڈینگی کے باعث 2 طلبا کی موت کے بعد شروع کیا گیا ہے۔مقامی حکام نے اس اقدام سے متعلق کہا ہے کہ یہ مقامی آبادی کی صحت کے تحفظ کے لیے ضروری ہے۔