اسلام آباد (نیوزڈیسک)بھارتی ریاست آندھرا پردیش کے ضلع پراکاسم میں ایک 35 سالہ شخص کو اس کی اپنی ہی ماں نے قتل کر دیا، جس کے بعد رشتہ داروں کے ساتھ مل کر اس کی لاش کے ٹکڑے کر کے نہر میں بہا دیئے گئے۔ پولیس کے مطابق مقتول کی شناخت کے شیام پرساد کے طور پر ہوئی ہے جبکہ قتل کی ملزمہ اس کی 57 سالہ ماں ” کے لکشمی دیوی” ہے۔این ڈی ٹی وی کے مطابق پولیس کا کہنا ہے کہ شیام پرساد کی حرکات انتہائی نازیبا اور اخلاق سے گری ہوئی تھیں۔
اس نے اپنی خالاؤں کے ساتھ زیادتی کی کوشش کی تھی، جس پر اس کی ماں نے تنگ آ کر کلہاڑی یا کسی تیز دھار ہتھیار سے اس کا قتل کر دیا۔حکام کا مزید کہنا ہے کہ شیام پرساد غیر شادی شدہ تھا اور اس کا رویہ نہ صرف اپنے قریبی رشتہ داروں بلکہ دیگر خواتین کے ساتھ بھی نازیبا تھا۔ اس پر الزام ہے کہ اس نے حیدرآباد اور نرسا راؤ پیٹا میں اپنی خالاؤں کے ساتھ زیادتی کی کوشش کی تھی۔قتل کے بعد اس کی لاش کو 5 ٹکڑوں میں کاٹ کر 3 بوریوں میں بند کیا گیا اور ضلع کے کمبم گاؤں میں واقع ناکالاگنڈی نہر میں پھینک دیا گیا۔پولیس کے مطابق ملزمہ لکشمی دیوی قتل کے بعد سے فرار ہے اور اسے گرفتار کرنے کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔