ریاض(این این آئی)اسلامی ممالک رمضان المبارک 1446 ھ کا چاند جمعہ 28 فروری 2025 کو دیکھیں گے۔عرب ٹی وی کے مطابق 28 فروری کو ماہ رمضان کے چاند کا مشاہدہ مغربی ایشیا، بیشتر افریقا اور جنوبی یورپ میں دوربین کے ذریعے ممکن ہوگا جبکہ شمالی اور جنوبی امریکا کے وسیع علاقوں میں آنکھ سے دیکھا جا سکے گا۔
اسلامی دنیا میں جمعے کے دن چاند دیکھنے کا امکان موجود ہے اور یہ مغرب سے پہلے پیدا ہوگا اور غروب آفتاب کے بعد ڈوب جائے گا لہذا ایسے حالات میں عموما اسلامی ممالک اگلے دن رمضان المبارک کے آغاز کا اعلان کرتے ہیں۔اس بنیاد پر توقع کی جا رہی ہے کہ زیادہ تر اسلامی ممالک رمضان المبارک کا آغاز ہفتہ یکم مارچ 2025 کو کریں گے۔ماہر فلکیات انجینئرمحمد شوکت عودہ نے کہا ہے کہ فلکی حساب سے یکم مارچ کو پہلا روزہ ہوگاجبکہ رمضان المبارک 29 دن ہوگا اور 29 مارچ کو آخری روزہ ہوگا۔انہوں نے واضح کیا ہے کہ یہ اندازے فلکی حساب سے ہیں جبکہ یکم رمضان کا باقاعدہ اعلان اور اس کے اختتام کی اطلاع سپریم کورٹ کے دائرہ اختیار میں ہے۔