لندن/واشنگٹن (این این آئی)امریکی صدر ٹرمپ کے غزہ پٹی پر طویل عرصے تک قبضے کے اعلان پر دنیا بھر سے سخت رد عمل آیا ہے۔میڈیارپورٹس کے مطابق سیکریٹری جنرل اقوام متحدہ انتونیو گوتریس نے کہا کہ فلسطین کے دو ریاستی حل کی توثیق کرتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ غزہ تنازع کے حل کی تلاش میں ہمیں مسائل بدتر نہیں کرنے چاہئیں۔انتونیو گوتریس کا کہنا تھا کہ نسل کشی کی کسی بھی قسم سے گریز کرکے بین الاقوامی قانون پر قائم رہنا ضروری ہے۔ادھر ایمنسٹی انٹرنیشنل نے کہا کہ غزہ پر صدر ٹرمپ کے قبضے کا بیان اشتعال انگیز اور شرمناک ہے، ٹرمپ کا بیان بین الاقوامی قانون کی خلاف ورزی ہے۔ایمنسٹی انٹرنیشنل نے مزید کہا کہ مقبوضہ علاقے سے فلسطینیوں کو جبری بے دخل کرنا جنگی جرم ہے۔
امریکی صدر ٹرمپ کے غزہ پر امریکی قبضے کے بیان پر دنیا بھر سے آنے والے شدید ردعمل کے بعد ترجمان وائٹ ہاس نے ان کے بیان کی وضاحت کی ہے۔ غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق ترجمان وائٹ ہائوس کیرولائن لیوٹ کے مطابق صدر ٹرمپ کا غزہ میں امریکی فوج بھیجنے کا ارادہ نہیں ہے۔صدر ٹرمپ خطے میں استحکام کے لیے غزہ کی تعمیر نو میں امریکا کی شمولیت ضروری سمجھتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ٹرمپ غزہ کی تعمیرِ نو کے لیے پرعزم ہیں اور غزہ سے فلسطینیوں کی عارضی منتقلی چاہتے ہیں۔