لاس ویگاس(این این آئی)امریکی شہر لاس ویگاس میں ٹرمپ ہوٹل کے باہر ٹیسلا سائبر ٹرک میں دھماکا ہوا ہے۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق حکام کا کہنا تھا کہ معاملے کی ممکنہ دہشت گردی کی کارروائی کے طور پر تفتیش کی جارہی ہے۔پولیس حکام کا کہنا تھا کہ سائبر ٹرک کے اندر سے ایک شخص کی جلی ہوئی لاش نکالی گئی ہے تاہم یہ پتا نہیں چل سکا کہ وہ مرد ہے یا کوئی عورت ہے۔
امریکی میڈیا کے مطابق دھماکے میں 7 افراد معمولی زخمی ہوئے ہیں۔قانون نافذ کرنے والے ایک اہلکار نے تحقیقات کے دوران بتایا کہ سائبر ٹرک کار رینٹل کمپنی سے کرائے پر لیا گیا تھا۔ایلون مسک کا کہنا تھا کہ سائبر ٹرک میں دھماکا آتشبازی یا بم کی وجہ سے ہوا ہے، یہ واقعہ نیوآرلینز میں گاڑی سے لوگوں کو کچلنے کے چند گھنٹے بعد پیش آیا۔ایلون مسک نے ساتھ ہی یہ خدشہ بھی ظاہر کیا ہے کہ سائبر ٹرک میں دھماکا ممکنہ طور پر دہشتگردی ہے۔ مختلف ایجنسیاں اس بات کی تحقیقات کررہی ہیں کہ آیا نیوآرلینز اور لاس ویگاس واقعات کا کہیں آپس میں تعلق تو نہیں۔