نئی دہلی(این این آئی ) بھارت میں واقع تاریخی تاج محل میں بم کی اطلاع کے باعث اسے بند کردیا گیا ہے۔بھارتی میڈیا کے مطابق آگرہ میں بم کی اطلاع پر تاج محل بند کردیا گیا ہے اور تاج محل کو فوری طور پر سیاحوں سے خالی کرالیا گیا ہے۔
جاری بیان کے مطابق نامعلوم شخص نے بذریعہ فون دھماکہ خیز مواد رکھنے کی اطلاع دی، جس پر سی آر پی ایف اور مقامی پولیس حرکت میں آئی اور فوری طور پر تاج محل کے دونوں دروازوں کو بند کر دیا گیا ہے۔میڈیا رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ پولیس کو موصول ہونے والی کال کی بنیاد پر سرچ آپریشن شروع کردیا گیا ہے اور مبینہ فون کال کی جانچ پڑتال شروع کردی ہے۔یاد رہے کہ تاج محل اور آگرہ کے قلعے کو کرونا وائرس کے باعث گذشتہ مارچ میں بند کردیا گیا تھا اور چھ ماہ کی بندش کے باعث اسے ستمبر میں کھولا گیا تھا۔عالمی وبا کرونا کے باعث انتظامیہ نے تاج محل میں ایک روز کے دوران 5 ہزار سیاحوں کو داخلے کی اجازت دی رکھی ہے، جن میں سے 2500 سیاح دوپہر 2 بجے سے پہلے اور 2500 دو بجے کے بعد آتے ہیں۔