واشنگٹن(این این آئی )امریکی صدر جوبائیڈن نے وائٹ ہائوس کے ملازمین کو واضح طور پر کہا ہے کہ اگر کسی نے اونچی آواز میں بات کی یا پھر بدتمیزی کی تو موقع پر ہی ملازمت سے برطرف کردوں گا۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق انہوں نے کہا کہ ہمیں وائٹ ہائوس کے اصولوں کو واپس لانا ہے جو گزشتہ 4 سال میں کہیں کھو
گئے ہیں۔جوبائیڈن نے وائٹ ہائوس کے ملازمین سے ورچوئل ملاقات کے دوران کہا کہ کہ اگر آپ میرے ساتھ ہمیشہ کام کرنا چاہتے ہیں تو یہ بہت آسان ہے۔انہوں نے کہا کہ آپ کو اپنے ساتھیوں کے ساتھ عزت سے پیش آنا ہے اور ان سے نرم لہجے میں گفتگو کرنا ہے۔امریکی صدر نے اپنی پہلی ورچوئل میٹنگ میں کہا کہ اگر کسی نے اونچی آواز سے بات کی یا کوئی بدتمیزی کی تو اس شخص کو بغیر کسی لحاظ کے موقع پر ہی ملازمت سے برطرف کردیا جائے گا۔ دوسری جانب سعودی عرب صدر جوزف بائیڈن کی قیادت میں نئی انتظامیہ میں امریکا کے ساتھ دوطرفہ تعلقات کے حوالے سے پر امید ہے۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق یہ بات سعودی وزیرخارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان نے یک خصوصی انٹرویو میں کہی ۔انھوں نے کہاکہ ہم خوش امید ہیں کہ بائیڈن انتظامیہ میں ہمارے امریکا کے ساتھ شاندار تعلقات استوار ہوں گے۔انھوں نے کہا کہ صدر جو بائیڈن نے اب تک جو تقرر کیے ہیں، ان سے ان کے اجتماعی امور کو سمجھنے کی عکاسی ہوتی ہے۔جوبائیڈن نے امریکا کے چھیالیسویں صدر کی حیثیت سے حلف اٹھایا تھا۔انھوں نے اس موقع پر اس عزم کا اظہار کیا ہے کہ وہ دنیا بھر میں امریکا کے اتحادیوں کے ساتھ مل کرکام کریں گے اور امریکی سفارت کاری کو بحال کریں گے۔