مقبوضہ بیت المقدس(این این آئی ) فلسطینی لیڈر یاسرعرفات کی بیوہ سہی عرفات نے متحدہ عرب امارات سے فلسطینی علاقوں میں امن ڈیل کے خلاف احتجاجی مظاہروں پر معذرت کر لی ہے۔میڈیارپورٹس کے مطابق سہی عرفات نے ان واقعات کے ردعمل میں انسٹاگرام پر
ایک پوسٹ میں لکھا کہ میں معزز فلسطینی عوام کی جانب سے امارات کے عوام اور ان کی قیادت سے ان کے قومی پرچم کو نذرآتش کرنے اور اس محبوب ملک کی علامتوں کی بے توقیری پر معذرت کرتی ہوں۔انھوں نے یہ بھی لکھا کہ اختلاف رائے کو دوستی کو ملیامیٹ کرنے کی اجازت نہیں دی جانی چاہیے۔اس کے ساتھ انھوں نے اپنے مرحوم خاوند یاسر عرفات کی یو اے ای کے مرحوم حکمراں شیخ زاید بن سلطان آل نہیان سے ملاقات کی ایک تصویر بھی پوسٹ کی۔سہی عرفات نے لوگوں پر زوردیا کہ وہ تاریخ کا مطالعہ کریں،یو اے ای کے بارے میں مزید جانیں کہ اس نے ماضی میں کس طرح فلسطینی عوام کی مدد ومعاونت کی تھی اور آج بھی اس نے ان کی اور ان کے نصب العین کی حمایت جاری رکھی ہوئی ہے۔