بیجنگ(این این آئی)چین میں تین ہفتوں سے موجود عالمی ادارہ صحت(ڈبلیو ایچ او)کی ٹیم نے چین کے شہر ووہان میں سائنس دانوں اور دیگر ماہرین کے تفصیلی انٹرویوکرلیے۔ عالمی ادارے کی ٹیم کرونا وائرس کی ابتدا اور اس کے انسانوں میں منتقلی سمیت دیگر حقائق جاننے کے لیے چین پہنچی تھی۔میڈیارپورٹس کے مطابق عالمی ادارہ صحت کے ترجمان نے جاری کیے گئے ایک بیان میں کہاکہ ماہرین کی ٹیم نے ووہان میں جانوروں پر تحقیق کے ادارے
، صحت، حیاتیاتی اور وبائی امراض کے ماہرین سمیت دیگر حکام سے طویل ملاقاتیں کیں۔عالمی ادارہ صحت کی ٹیم میں جانوروں کی صحت اور وبائی امراض کے ماہرین شامل ہیں، جو اس بات کا تعین کریں گے کہ آخر پوری دنیا کو اپنی لپیٹ میں لینے والے کرونا وائرس کا ماخذ کیا تھا اور یہ کیسے جانوروں سے انسانوں میں منتقل ہوا۔کرونا وائرس کی ابتدا اور انسانوں میں منتقلی سے متعلق سوالات کے جوابات کے لیے دنیا بھر کے سائنس دان اور حکومتیں منتظر ہیں۔