اسلام آباد (این این آئی)ڈھاکا میں پاکستانی ہائی کمیشن تین برس کے تعطل کے بعد مکمل طورپرفعال ہوگیا ہے۔میڈیا رپورٹ کے مطابق عمران خان کے حسینہ واجد سے رابطے کے بعدبرف پگھلی ہے ،15سال بعد پاکستان سے زرعی اجناس کی خریداری شروع ،
پاکستان اور بنگلا دیش تعلقات میں بہتری کیلئے بہت بڑی پیش رفت کے بعد بنگلہ دیش نے 15 سال بعد پاکستان سے زرعی اجناس کی خریداری شروع کر دی۔ذرائع کے مطابق ڈھاکہ میں پاکستانی ہائی کمیشن فعال ہونا پاک اور بنگلا دیش کے درمیان تعلقات بحالی میں اہم پیش رفت ہے۔ وزیراعظم عمران خان کے بنگلہ دیشی ہم منصب شیخ حسینہ واجد سے حالیہ رابطے کے بعد تعلقات میں بہتری کا عمل جاری ہے۔ذرائع کے مطابق اسلام آباد اور ڈھاکا کے درمیان سفارتی کشیدگی کم کرانے میں پاکستان کے ایک دوست ملک کا اہم کردار ہے۔واضح رہے کہ گزشتہ کچھ عرصے میں پاکستان اور بنگلا دیش کے سفارتی تعلقات مزید کشیدگی کا شکار ہوگئے تھے جس کی وجہ سے بنگلا دیش کے دارالحکومت میں قائم پاکستانی ہائی کمیشن مکمل طور پر فعال نہیں رہا تھا۔