شارجہ(آن لا ئن) متحدہ عرب امارات کی ریاست شارجہ کے نائب سربراہ شیخ احمد بن سلطان القاسمی انتقال کرگئے۔عرب میڈیا کے مطابق شارجہ کی حکومت نے تصدیق کی ہے کہ برطانیہ میں مقیم نائب سربراہ شیخ احمد بن سلطان القاسمی کا انتقال ہوگیا۔حکومت کی جانب سے جاری اعلامیے میں بتایا گیا ہے کہ شیخ احمد بن سلطان کے انتقال پر شارجہ کے سربراہ شیخ ڈاکٹر سلطان بن محمد القاسمی نے افسوس کا اظہار کیا ہے۔
شارجہ کی حکومت نے نائب سربراہ کے انتقال پر تین روزہ سوگ کا اعلان کیا ،اس دوران قومی پرچم سرنگوں رہے گا۔ رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ شیخ احمد القاسمی کا جنازہ شارجہ پہنچنے اور تدفین کے بعد سوگ کا آغاز کیا جائے گا۔حکومتی ترجمان کا کہنا ہے کہ کرونا خدشے کے پیش نظر ٹیلی فون پر تعزیتی پیغام وصول کیے جائیں گے، اس بابت تعزیت کا آغاز کب سے ہوگا اس کا بھی جلد اعلان کردیا جائے گا۔