ادیس ابابا (این این آئی )ایتھیوپیا میں کورونا وائرس سے ایک ایسے متاثرہ شخص صحتیاب ہوئے ہیں جن کی عمر کم از کم 100 سال بتائی جا رہی ہے۔ان کا علاج کرنے والے ڈاکٹروں میں سے ایک نے کہاہے کہ ان کی صحتیابی حیران کن تھی۔میڈیارپورٹس کے مطابق ابا تیلاہون وولڈیمایکل کے خاندان نے کہاکہ
ان کی عمر 114 سال ہے جس سے وہ دنیا کے معمر ترین شخص قرار پائیں گے تاہم ان کی عمر کی تصدیق کے لیے کوئی سندِ پیدائش موجود نہیں ہے۔یاد رہے کہ 80 سال سے زائد عمر کے افراد اگر کورونا کے شکار ہوجائیں تو انھیں سب سے زیادہ خطرے کی زد میں تصور کیا جاتا ہے۔ابا تیلاہون ایک آرتھوڈوکس مسیحی راہب ہیں اور اب ان کے پوتے ان کی گھر پر ہی دیکھ بھال کر رہے ہیں۔انھوں نے بتایاکہ جب میں ہسپتال میں تھا تو خدا سے اپنی صحت کے لیے دعا مانگ رہا تھا۔ میں رو رہا تھا اور خدا سے دعا کر رہا تھا کہ پورا ملک دوبارہ صحتیاب ہوجائے۔ڈاکٹر ہیلوف اباتے نے بتایا کہ ابا تیلاہون دارالحکومت عدیس ابابا میں اپنے محلے میں ایک سکریننگ کے دوران وائرس سے متاثر پائے گئے اور انھیں علامات ظاہر ہونے سے قبل ہی ہسپتال میں داخل کر لیا گیا تھا۔انھوں نے کہا کہ اس سے میڈیکل ٹیموں کو ان کے علاج کی پیشگی تیاری کرنے اور ان کی صورتحال کی قریبی نگرانی کرنے کا موقع مل گیا تھا۔