اسلام آباد(این این آئی)پاکستان نے 25 ہزار بھارتیوں کو مقبوضہ کشمیر کا ڈومیسائل دینے کے اقدام سلامتی کونسل کی قراردادوں کی خلاف ورزی قرار دیتے ہوئے مسترد کر دیا ہے۔ دفتر خارجہ کی جانب سے جاری کردہ بیان کے مطابق بھارت کا یہ اقدام اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی
قراردادوں کی خلاف ورزی ہے کیونکہ ڈومیسائل سرٹیفکیٹس بھارتی سرکاری حکام سمیت غیر کشمیریوں کو دیے گئے ہیں۔دفتر خارجہ کے مطابق بھارت مقبوضہ کشمیر کے آبادیاتی تناسب میں تبدیلی کی سازشوں میں مصروف اور کشمیریوں کے حق خودارادیت کو دبانے کی سازش کر رہا ہے۔واضح رہے کہ بھارت نے یکم اپریل کو ایک اعلامیہ جاری کیا جس کے مطابق اب مقبوضہ کشمیر میں ڈومیسائل (شہریت) کا نیا قانون نافذ ہوگا اور اْس کی رو سے سرکاری محکموں میں چپڑاسی، خاکروب، نچلی سطح کے کلرک، پولیس کانسٹیبل وغیرہ کے چوتھے درجے کے عہدوں کو کشمیریوں کے لیے مخصوص کیا گیا ہے جبکہ گزیٹِڈ عہدوں کے لیے پورے بھارت سے امیدوار نوکریوں کے اہل ہوں گے۔بھارت نے گزشتہ سال 5 اگست کشمیر کو خصوصی حیثیت دینے والے آرٹیکل 370 کو ایک صدارتی حکم نامے کے تحت ختم کر دیا تھا۔