ریاض (این این آئی )سعودی عرب کے شاہی محافظ دستے میں خواتین اہلکاروں کو بھی شامل کر لیا گیا ہے۔غیرملکی خبررساں ادارے کے طابق ٹویٹر کے ذریعے ایک سعودی خاتون شاہی محافظہ کی اپنی ساتھی اہلکار کے ساتھ تصویر منظرعام پر آئی۔یہ اس امر کی بھی عکاس ہے کہ
سعودی خواتین اب زندگی کے مختلف شعبوں میں فرائض منصبی انجام دے رہی ہیں اور روزگار حاصل کررہی ہیں۔سعودی خواتین کئی عشروں تک فوج میں خدمات انجام دینے سے قاصر تھیں اور وہ گاڑی بھی نہیں چلا سکتی تھیں۔اکتوبر 2019 میں سعودی عرب نے خواتین کی مسلح افواج میں بھرتی کا عمل شروع کیا تھا اور یہ کہا تھا کہ وہ پرائیویٹ فرسٹ کلاس ، کارپورل اور سارجنٹ کے عہدوں پر بھرتی ہوسکتی ہیں۔شہزادہ سطام بن خالد آل سعود نے دو خواتین اہلکاروں کی تصویر پوسٹ کی اور اس کے ساتھ لکھا کہ شاہی محافظ دستے کے فرائض میں سے ایک تقریبات اور کانفرنسوں کے انعقاد کے وقت شاہ اور ان کے محافظوں کو سکیورٹی مہیا کرنا ہے۔اس کے مطابق شاہی محافظ دستے میں شامل خواتین معزز مہمانوں اور ان کے ساتھ آنے والی خواتین کو سکیورٹی مہیا کریں گی اور یہ ایک بہت ہی خوب صورت اور اہم ذمے داری ہے۔