میکسیکو سٹی (آن لائن) شمالی امریکہ کے ملک میکسیکو میں ایک ساتھ پیدا ہونے والے تین نوزائیدہ بچوں میں کورونا وائرس کی تصدیق کا ’بے مثال‘ کیس سامنے آیا ہے۔غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق صحت کے حکام نے بتایا کہ طبی ماہرین اس حوالے سے تحقیق کر رہے ہیں کہ کیا یہ بیماری ان بچوں میں حمل کے دوران ان کی ماں کی نال کے ذریعے منتقل ہوئی ہے۔۔ان تین بچوں میں سے دو، ایک لڑکا اور لڑکی کی حالت خطرے سے باہر ہے اور وہ ریاست سین لوئی پوٹوسی کے ایک ہسپتال میں داخل ہیں۔تاہم دوسرے
لڑکے کا سانس کے عارضے کے حوالے سے علاج کیا جا رہا ہے۔سائنسدانوں کا ماننا ہے کہ اس کیس کے ذریعے یہ سمجھنے میں مدد مل سکتی ہے کہ وائرس کیسے پھیلتا ہے۔ریاست کے طبی حفاظت کی کمیٹی کے ترجمان کے مطابق وائرس کی تین بچوں میں پیدائش کے بعد تصدیق اس سے قبل دنیا میں کہیں بھی نہیں دیکھی گئی اس لیے اس کیس کی تحقیق کی جائے گی۔اب تک بہت کم نوزائیدہ بچوں میں پیدائش کے بعد وائرس کی منتقلی ہوئی ہے اور صحت کے حکام کا کہنا ہے کہ ان کے نزدیک اس کیس میں ایسا نہیں ہوا۔