واشنگٹن(این این آئی) عالمی بینک نے بتایا ہے کہ کورونا وائرس کے بحران کی وجہ سے 17 کروڑ 06 لاکھ افراد غربت کا شکار ہوئے جن میں سے دو تہائی کا تعلق جنوبی ایشیا سے ہے۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق عالمی بینک نے جاری کردہ اپنی ایک رپورٹ میں کہاکہ رواں ہفتے سرکاری سطح پر دنیا میں سب سے زیادہ کیسز رپورٹ کرنے والے ممالک میں بھارت، پاکستان اور بنگلہ دیش کا نمبر بالترتیب تیسرا، ساتواں اور دسواں رہا۔تاہم ماہرین نے خدشہ
ظاہر کیا کہ اصل صورتحال اس سے بھی بدتر ہوسکتی ہے کیونکہ خطے میں ٹیسٹنگ کی شرح اب بھی انتہائی کم ہے۔امریکی میڈیا میں آنے والی رپورٹس کے مطابق بھارت میں ٹیسٹنگ کی شرح امریکا کے مقابلے میں بیسواں حصہ ہے۔بنگلہ دیش کے دارالحکومت ڈھاکہ میں زیادہ سے زیادہ 7 لاکھ 50 ہزار کیسز ہیں جو سرکاری تعداد سے 12 گنا زیادہ ہیں۔پاکستان میں کم ٹیسٹنگ کے باوجود روزانہ کے اعداد و شمار آبادی کے حساب سے برطانیہ کے تقریباً برابر اور جرمنی سے6 گنا زیادہ ہیں۔