نئی دہلی (مانیٹرنگ ڈیسک) بھارت کو چین نے حال ہی میں قبضہ کئے گئے علاقے واپس کرنے سے انکار کر دیا ہے۔ اس بات کا اعتراف بھارتی اخبار میں کیا گیا ہے۔ چین اور بھارتی فوجی حکام کے درمیان ہونے والے مذاکرات میں چین نے واضح طور پر کہا کہ وہ گولوان وادی اور پینگانگ سو کے کچھ حصوں پر اپنا کنٹرول قائم رکھے گا۔ بھارتی اخبار نے اعتراف کیا کہ حالیہ سرحدی تنازعے کے حوالے سے ہونے والے مذاکرات
میں بھارت کو کوئی خاص کامیابی حاصل نہیں ہوئی ہے۔ بھارتی عسکری حکام یہ دعویٰ کرتے رہے کہ بھارت اور چین نے تمام تنازعے کو پرامن طریقے سے حل کرنے کا فیصلہ کیا ہے لیکن یہ رپورٹ کوئی اور کہانی سنا رہی ہے۔ بھارتی حکام مذاکرات کے دوران منتیں کرتے رہے کہ چین اور بھارت کی فوج اپنی اپنی پرانی پوزیشن پر واپس چلی جائے لیکن چین کے حکام نے یہ بات ماننے سے انکار کر دیا۔