نئی دہلی ( آن لائن ) بھارتی ریاست مدھیا پردیش کے ضلع شاجاپور کے ایک نجی ہسپتال انتظامیہ نے بل ادا نہ کرپانے پر 80 سالہ بزرگ کو رسیوں میں جکڑ کر ہسپتال کے بسترے سے باندھ دیا۔بھارتی میڈیا کے مطابق نجی ہسپتال انتظامیہ کی جانب سے بزرگ شخص کو رسیوں اور زنجیروں سے باندھنے کی ویڈیو گزشتہ روز سوشل میڈیا پر وائرل ہونے کے بعد ضلعی انتظامیہ اور ریاست کے وزیر اعلیٰ نے
نوٹس لیتے ہوئے معاملے کی تفتیش کا حکم دے دیا۔زرائع کے مطابق وائرل ہونے والی ویڈیو میں 80 سالہ بزرگ شخص کو نجی ہسپتال کے بسترے سے باندھے ہوئے دیکھا جاسکتا تھا۔ویڈیو میں ہسپتال کے بسترے سے بندھے ہوئے بزرگ شخص کی شناخت ریاست کے ضلع راج گڑھ کے رہائشی کے طور پر ہوئی، جنہیں پیٹ میں تکلیف کے باعث مذکورہ ہسپتال میں داخل کرایا گیا تھا۔بزرگ شخص کو پیٹ میں درد کی شکایت کے بعد شاجاپور کے نجی ہسپتال داخل کرایا گیا، جہاں ان کے اہل خانہ نے ابتدائی طور پر ہسپتال میں 6 ہزار روپے کی رقم ایڈوانس کے طور پر جمع کروائی۔بزرگ شخص کی بیٹی نے دعویٰ کیا کہ دوران علاج انہوں نے ہسپتال انتظامیہ کو مزید 5 ہزار روپے بھی ادا کیے اور جب ان کے والد کی صحت بہتر ہوئی تو انہوں نے انتظامیہ کو بولا کہ ان کے پاس علاج کے لیے مزید پیسے نہیں، اس لیے انہیں اجازت دی جائے۔بزرگ شخص کی بیٹی نے دعویٰ کیا کہ ہسپتال انتظامیہ نے انہیں ڈسچارج فائل دیے بغیر 1127 روپے مزید جمع کروانے کو کہا اور ان کی جانب سے انکار کے بعد ان کے والد کو پکڑ کر بسترے کے ساتھ باندھ دیا گیا۔مذکورہ شخص کے بسترے سے باندھنے کی ویڈیو وائرل ہونے کے بعد کئی سیاستدانوں اور سماجی رہنماؤں نے ہسپتال انتظامیہ کے عمل کو غیر انسانی قرار دیتے ہوئے ملوث افراد کے خلاف سخت کارروائی کا مطالبہ کیا۔وزیر اعلیٰ کی ہدایت پر ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر (ڈی ایچ او) کی
سربراہی میں تفتیشی کمیٹی بناکر معاملے کی تفتیش کا بھی آغاز کردیا گیا۔بزرگ شخص کو پیسے ادا نہ کرنے کی وجہ سے ہسپتال کے بسترے سے باندھنے کا واقعہ ایک ایسے وقت میں آیا ہے جب کہ بھارت میں کورونا وائرس کی وجہ سے ہسپتالوں میں مریضؤں کا رش بڑھ گیا ہے اور ہسپتالوں نے
فیسوں میں بھی اضافہ کر رکھا ہے۔ وا ضع رہے بھارت کورونا وائرس کے مریضوں کے حوالے سے جنوبی ایشیائی خطے میں سب سے بڑا متاثرہ ملک ہے، جہاں 8 جون کی دوپہر تک کورونا سے متاثرہ افراد کی تعداد بڑھ کر 2 لاکھ 59 ہزار کے قریب جا پہنچی تھی۔بھارت میں کورونا کے باعث 8 جون کی دوپہر تک ہلاکتوں کی تعداد بڑھ کر 7 ہزار 200 سے زائد ہوچکی تھی۔