نیو دہلی (آن لائن ) بھارتی ریاست مہاراشٹر میں کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی مسلسل بڑھتی ہوئی تعداد کے بعد وائرس کا شکار افراد کی کْل تعداد کورونا کے ابتدائی مرکز چین سے بھی تجاوز کر گئی ہے۔بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق مہاراشٹر میں کورونا وائرس کے متاثرین کی تعداد85 ہزار 975 ہو گئی ہے۔مہاراشٹر کے دارالحکومت ممبئی میں کورونا وائرس کے مریضوں کی تعداد48 ہزار774 ہوگئی، مہاراشٹر میں کورونا سے2969 اموات ہوئیں۔بھارت میں کورونا وائرس کے متاثرین2 لاکھ58 ہزار
سے زائد اور اموات7 ہزار 2 سو سات ہیں۔واضح رہے کہ دنیا بھر میں کورونا وائرس کی موذی وباء نے مسلسل اپنے پنجے گاڑ رکھے ہیں، جس کے ناصرف مریضوں میں بلکہ اس سے اموات میں بھی ہر روز اضافہ ہو رہا ہے۔مختلف ممالک میں کورونا وائرس کی وباء کا زور ٹوٹ چکا ہے تو کہیں یہ عروج پر ہے اور کہیں اس کے کیسز اور اموات نہ ہونے کے برابر ہیں۔دنیا بھر میں کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد 70 لاکھ 92 ہزار 919 ہو چکی ہے جبکہ اس سے ہلاکتیں 4 لاکھ 6 ہزار 207ہو گئیں۔