کابل(این این آئی)افغانستان میں بھی عالمی مہلک وبا کورونا تیزی سے پھیلنے لگی جہاں کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد20 ہزار سے تجاوز کرگئی جبکہ افغان حکومت نے ملک بھر میں سخت اقدامات کرکے تمام تعلیمی اداروں اور ریسٹورنٹس کو مزید تین ماہ تک بند رکھنے اور ہر شخص کو ماسک پہننا لازمی قرار دیدیا ۔
افغان وزارت صحت کے ڈپٹی منسٹر ڈاکٹر وحید مجروح کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں میں مزید791 افرادمیں کورونا وائرس کی تصدیق ہوگئی جس کے ساتھ ہی افغانستان میں متاثرہ افراد کی تعداد 20342 تک جاپہنچی جبکہ کوروناوائرس سے اموات کی تعداد 357 ہوئی تاہم 1875مریض صحت یاب بھی ہوگئے۔مجروح نے بتایا کہ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران افغان دارالحکومت کابل میں صرف313 افراد میں کورونا کی تصدیق ہوگئی۔ افغان نائب وزیر صحت نے اتوارکے روزیہاں بتایا کہ کورونا کے مسئلہ کو سنجیدگی سے لینا چایئے۔افغان وزیرنے کورونا کیسز کی روک تھام کے لئے فوری اقدامات کا ذکر کرتے ہوئے ملک بھر میں تمام تعلیمی اداروں بشمول سکولوں‘ کالجوں اور یونیورسٹیوں اور ریسٹورنٹس کو مزید تین ماہ تک بند رکھنے کا اعلان کیا اور کہا کہ عوامی مقامات پر جانے والوں‘ دکانداروں اور بازاروں میں جانے والے ہر شخص کے لئے ماسک پہننا لازمی ہوگا تاہم دس سے زائد افراد کے اجتماع پر پابندی ہوگی۔اْنہوں نے کہا کہ کھیلوں کے میدانوں‘ پارکوں اور شادی ہالوں پر فی الفور پابندی عائدکی گئی ہے تاہم مناسب حفاظتی اقدامات کے تحت دکانوں اور مارکیٹوں کو کھولنے کی اجازت دی گئی ہے۔