پیرس (این این آئی)فرانسیسی حکومت کے چیف سائنسی مشیرنے کہاہے کہ ملک میں اب کورونا وائرس کی وبا قابو میں ہے۔میڈیارپورٹس کے مطابق پروفیسر ژان فرانسوا دلفریسی نے بتایاکہ وائرس کے خلاف کامیابی لاک ڈاؤن کے باعث حاصل ہوئی لیکن ساتھ ہی اس کا تعلق بڑھتے درجہ حرارت سے بھی ہو سکتا ہے۔فرانس میں کورونا متاثرین کے اعدادوشمار صحیح سمت میں جاتے دکھائی دے رہے ہیں،
گزشتہ روز ہسپتالوں میں صرف 44 اموات کی اطلاعات موصول ہوئی تھیں اور پروفیسر دلفریسی کے مطابق اب متاثرین کی یومیہ تعداد ایک ہزار سے زیادہ نہیں ہوگی۔اس کے مقابلے میں مارچ میں ملک یومیہ 80 ہزار کیس سامنے آ رہے تھے۔ پروفیسر دلفریسی کہتے ہیں کہ وائرس اگرچہ اب بھی گردش کر رہا ہے لیکن اس کے پھیلاؤ کی رفتار پہلے سے سست ہو گئی ہے اور جہاں بھی نئے کلسٹر سامنے آتے ہیں ان سے مؤثر ٹیسٹنگ، کانٹیکٹ ٹریسنگ اور قرنطینہ کے ذریعے نمٹا جا رہا ہے۔فرانس نے چار ہفتے پہلے لاک ڈاؤن ختم کرنا شروع کیا تھا اور اب ملک میں شہریوں کی نقل و حرکت پر لگی زیادہ تر پابندیاں ہٹا دی گئی ہیں۔