لندن(این این آئی)ملکہ برطانیہ الزبتھ دوئم کی کورونا وائرس کے باعث لاک ڈائون میں نرمی کے بعد شاہی رہائش گاہ ونڈسر کاسٹل کے ہوم پارک میں گھڑ سواری کرتے ہوئے پہلی تصویر جاری کر دی گئی ہے۔ میڈیارپورٹس کے مطابق سماجی رابطوں کی ویب سائٹس پر شاہی خاندان کے تصدیق شدہ اکاؤنٹس سے جاری کردہ تصویر میں ملکہ الزبتھ دوئم اپنے 14 سالہ گھوڑے بالمورل فرن پر سوار ہیں۔
انہوں نے رنگین اسکارف اور جیکٹ پہن رکھی ہے ساتھ میں انہوں نے سفید دستانے بھی پہنے ہوئے ہیں۔ ملکہ برطانیہ کورونا وائرس کی وبا کے باعث پچھلے 10 ہفتوں سے ونڈسر کاسٹل میں اپنے 98 سالہ شوہر ڈیوک آف ایڈنبرگ شہزادہ فلپ اور اسٹاف کے کچھ ممبران کے ساتھ مقیم ہیں، تاہم اب وہ گھڑ سواری کرتے ہوئے منفرد انداز میں عوام کے سامنے آئی ہیں۔الزبتھ دوئم اب تک آئسولیشن میں تھیں لیکن لاک ڈاؤن میں نرمی کے باعث اب وہ گھڑ سواری کرتی نظر آئیں ہیں۔واضح رہے کہ وبا کی وجہ سے متعدد سالانہ تقریبات کو منسوخ کیا گیا جس میں ملکہ برطانیہ کی سرکاری طور پر منائی جانے والی سالگرہ بھی شامل ہے۔ان کی سالگرہ کے موقع پر شاہی حاندان کے افراد ڈیوک اینڈ ڈچز آف سوسیکس نے انہیں ٹیلی فون کیا اور ویڈیو کالز کیں اور سالگرہ کی مبارکباد دی۔