نئی دہلی( مانیٹرنگ ڈیسک) بھارتی انتہا پسندوں نے چندمسلمانوں میں کورونا کی تصدیق پر پوری بستی ہی جلا ڈالی، بھارتی میڈیا کے مطابق بھارتی ریاست مغربی بنگال کے علاقے تیلینی پاڑا میں بھارتیہ جنتا پارٹی(بی جے پی) اور راشٹریہ سویم سیوک سنگھ( آر ایس ایس) کے غنڈوں نے کورونا کی آڑ میں مسلمانوں کا جینا دو بھر کردیا۔رپورٹ کے مطابق انتہا پسندوں نے خریداری کیلئے باہر نکلنے والے
چند مسلم نوجوانوں کو یہ کہہ کر تشدد کا نشانہ بنایا کہ ان کی آبادی میں 5 افراد میں کورونا کی تصدیق ہوئی اور وہ جان بوجھ کر ہندو آبادی میں گھوم کر کورونا وائرس پھیلا رہے ہیں۔واقعے کے بعد انتہا پسند لیڈروں نے مزید اشتعال انگیز بیانات دئیے جس کے بعد علاقے میں فسادات پھوٹ پڑے ، انتہاپسندوں نے مسلمانوں کے متعدد گھروں اور دکانوں کو آگ لگا دی، پولیس نے علاقے میں سکیورٹی سخت کرتے ہوئے بی جے پی سے تعلق رکھنے والے دو مقامی ممبران اسمبلی کے خلاف مقدمہ بھی درج کیا جبکہ بی جے پی نے فسادات کا ذمہ دار حکمران جماعت ترنمول کانگریس اور وزیراعلیٰ ممتا بینرجی کو قرار دیا ہے ۔