واشنگٹن(این این آئی)اقتصادی اعتبار سے کرونا وائرس کی وبا نے بڑے بڑے ترقی یافتہ ملکوں کی چولیں ہلاکر رکھ دی ہیں، یہاں امریکہ میں کانگریس کے ارکان امریکی معاشی سرگرمیوں کو دوبارہ شروع کرنے کے لئے نفع و نقصان کے پہلووں کا جائزہ لے رہے ہیں۔میڈیارپورٹس کے مطابق سینیٹ کی ایک سماعت کے دوران انھوں نے ملک کے اعلٰی طبی ماہرین سے یہ سوال کیا آیا ملک کے پاس اتنے وسائل ہیں کہ لاک ڈاون کو اٹھانے کے بعد وہ کرونا وائرس کا مقابلہ کرسکیں؟
لاک ڈاون کو دو مہینے سے زیادہ ہوچکے ہیں، کانگریس کے ارکان صحت عامہ اور اقتصادی بحران سے نمٹنے کے لئے ایک اور وسیع امدادی پیکج پر غور کر رہے ہیں اور اس بات کی کوشش میں ہیں کہ ملک میں کاروبار زندگی ایک مرتبہ پھر معمول پر آجائے۔امریکی ریاستیں گھروں پر رہنے کی بندش میں نرمی کر رہی ہیں، ماہرین نے قانون سازوں کو انتباہ کیا کہ اموات میں کمی کا انتظار کئے بغیر اس کی بھاری قیمت ادا کرنی پڑ سکتی ہے۔