لندن (این این آئی )برطانوی وزیراعظم بورس جانسن نے خبردار کیا ہے کہ کورونا وائرس کیخلاف جنگ میں سب سے برا منظر نامہ یہ ہوسکتا ہے کہ شاید اس کی ویکسین کبھی تیار نہ ہوسکے، لہٰذا ہمیں اس بات کو مد نظر رکھتے ہوئے اپنی حکمت عملی بنانی ہوگی۔میڈیارپورٹس کے مطابق کورونا وائرس سے صحتیاب ہونے والے برطانوی وزیراعظم بورس جانسن کا کہنا تھا کہ ویکسین کی بڑے پیمانے پر
تیاری میں مزید ایک سال سے زائد کا عرصہ لگ سکتا ہے یا یہ بھی ہوسکتا ہے کہ ہم کبھی ویکسین نہ بناسکیں۔برطانیہ میں لاک ڈاؤن میں سلسلہ وار نرمی کا منصوبہ بتاتے ہوئے بورس جانسن نے خدشہ ظاہر کیا کہ وبا کی بدترین صورتحال یہ ہوسکتی ہے کہ شاید ہمارے پاس کورونا کی ویکسین کبھی موجود نہ ہو۔ان کا کہنا تھا کہ کووڈ 19 کے دوسرے مرحلے میں خطرناک حد تک پھیلنے کا خدشہ ہے اور اس سلسلے میں کسی قسم کی غلطی کی کوئی گنجائش نہیں ہے۔بورس جانسن کا کہنا تھا کہ ویکیسن یادواؤں کے ذریعے باقاعدہ علاج ہی کورونا کا طویل المدتی حل ہے۔انہوں نے کہا کہ کورونا وائرس کے خلاف سب کو مل کر لڑنا ہوگا، برطانیہ کو کورونا وبا کے سب سے زیادہ خطرات کا سامنا ہے اور جس طرح کے چیلنجز کا آج برطانیہ کو سامنا ہے اس طرح کا کبھی نہیں رہا۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ کورونا کی ویکسین کی تیاری کے لیے برطانیہ نے اپنے پروگرام کو مزید آگے بڑھایا ہے۔