ٹورنٹو(این ای آئی) کورونا وائرس کے مریضوں کے علاج کی خاطر کینیڈا میں موجود دو سکھ ڈاکٹر بھائیوں نے اپنی داڑھی کی قربانی دے دی ہے۔غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق کورونا وائرس کے مریضوں کے علاج کرنے والے دونوں سکھ ڈاکٹر بھائیوں نے یہ فیصلہ اس لیے کیا کیونکہ انہیں لمبی داڑھی کے سبب ماسک پہننے میں مشکلات کا سامنا تھا۔دارھی کی قربانی دینے کے حوالے سے
ان کا کہنا تھا کہ یہ ایک ایسا فیصلہ ہے جس نے ہمیں بہت دکھی کر دیا ہے، یہ وہ چیز تھی جو ہماری شناخت کا حصہ رہی، اب خود کو آئینے میں دیکھتے ہیں تو صدمہ ہوتا ہے۔ ڈاکٹر بھائیوں کا مزید کہنا تھا کہ یہ ہمارے لیے ایک انتہائی مشکل فیصلہ تھا لیکن اس وقت ہمیں یہ کرنے کی ضرورت تھی۔ خیال رہے کہ کینیڈا میں موجود ڈاکٹر سنجیت سنگھ سلوجا فزیشن ہیں اور ان کے بھائی ڈاکٹر رنجیت سنگھ نیورو سرجن ہیں۔