قاہرہ(این این آئی)مصر میں وزارت صحت کے حکام نے کہاہے کہ ملک میں کرونا کا کم سن بچہ جس کی عمر صرف 40 دن بتائی جاتی ہے بیماری سے صحت یاب ہوگیا ہے۔عرب ٹی وی کے مطابق شمالی مصر کی الدقھلیہ گورنری میں وزارت صحت کے سیکرٹری سعد مکی نے بتایا کہ 40 دن کا بچہ محمود خیری المرسی چند روز قبل کرونا کا شکار ہوگیا تھا جس کی تازہ ٹیسٹ رپورٹس منفی آئی ہیں۔
ایک بیان میں سعد مکی کا کہنا تھا کہ بتمی الامدید قرنطینہ سینٹر میں 71 مریضوں کے تازہ ٹیسٹ لیے گئے تھے جو منفی آئے ہیں۔ انہیں جلد ہی اسپتال سے گھروں کو روانہ کردیا جائے گا۔ ان میں ایک شیر خوار بھی شامل ہے۔میڈیا سے بات کرتے ہوئے سعد مکی نے کہا کہ مزید افراد کے میڈیکل ٹیسٹ دوبارہ لیے جائیں گے جب کہ 15 کو گھروں کو بھیج دیا گیا ہے۔تمی الامدید اسپتال کے ایک طبی ذریعے نے العربیہ ڈاٹ نیٹ کو بتایا تھا کہ بنی عید شہر سے ایک بچے کو ایک ہفتہ قبل اسپتال لایا گیا تھا۔ اس کا کرونا ٹیسٹ مثبت آنے کے بعد اسے اسپتال میں داخل کردیا گیا تھا۔ بچے کو چند دن تک وینٹی لیٹر پربھی رکھا گیا مگر گذشتہ روز اسے صحت یاب قرار دینے کے بعد گھربھیج دیا گیا ہے۔