واشنگٹن(آن لائن )امریکی سرکاری رہائشگاہ وائٹ ہاؤس نے ٹویٹر پر بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کو ان فالو کر دیا۔تفصیلات کے مطابق وائٹ ہاؤس کی جانب سے ایک حیران کن اقدام اْس وقت سامنے آیا جب اس نے بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کو ٹوئٹر پر ان فالو کر دیا۔نریندر مودی وہ واحد عالمی رہنما تھے جنہیں وائٹ ہاؤس کے ٹوئٹر ہینڈل نے فالو کر رکھا تھا۔امریکی وائٹ ہاؤس نے 10 اپریل کو نریندر مودی کے ذاتی ٹوئیٹر اکاونٹ ،ان کے آفس اور بھارتی صدر کو ٹویٹر پر فالو کیا۔
جس کے بعد وہ وائٹ ہاؤس کی جانب سے ٹوئٹر پر فالو کیے جانے والے عالمی لیڈر بن گئے۔تاہم اس کے تین ہفتوں بعد ہی وائٹ ہاؤس نے ٹویٹر پر مودی کو ان فالو کردیا۔وائٹ ہاؤس کے ٹوئٹر ہینڈل سے19 اکاؤنٹ کو فالو کیا جا رہا تھا۔ تاہم اب وائٹ ہاؤس کی جانب سے 13 اکاؤنٹس فالو کیے جارہے ہیں۔جبکہ وائٹ ہاؤس کو فالو کرنے والوں کی تعداد تقریبا 22 ملین ہے۔وائٹ ہاؤس نے امریکہ میں موجودہ بھارتی سفارتخانہ اور دہلی میں امریکی سفارتخانے کو بھی ان فالو کر دیا۔بھارت اور امریکہ کے درمیان حال ہی میں ہائیڈرو کلوروکوین کی ایکسپورٹ پر پابندی کی وجہ سے سفارتی تعلقات میں تناؤ پیدا ہو گیا تھا۔ امریکی صدر ٹرمپ نے بھارت کو دھمکی دی تھی کہ اگر بھارت نے ہائڈروکسی کلوروکوین دوا کی کھیپ امریکہ کو نہ بھیجی تو امریکہ انڈیا کے خلاف جوابی کارروائی کرے گا۔امریکی صدر ٹرمپ نے انڈیا کی جانب سے کلوروکوین کی برآمد پر پابندی عائد کرنے کے فیصلے کے اگلے ہی روز بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی کو فون کال کی تھی کیونکہ بھارت کا شمار ان ممالک میں ہوتا ہے جو ہائڈروکسی کلوروکوین خاصی بڑی تعداد میں بناتے ہیں۔ ٹرمپ کی دھمکی کے بعد بھارت ملیریا کی دوا برآمد کرنے پر رضامند ہوگیا امریکی صدر کی جانب سے دوا نہ بیچنے پر نتائج کیلئے تیار رہنے کی دھمکی پر بھارت نے ملیریا کی دوا ہائیڈروکسی کلورو کوئن کو امریکا برآمد کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنے ایک بیان میں اس دوا کو پہلے ہی کووڈ 19 کے خلاف لڑائی میں ’گیم چینجر‘ قرار دے دیا تھا۔