نیویارک (این این آئی) کورونا ویکسین پر تجربات کا دوسرا مرحلہ شروع ہونے سے پہلے ہی امریکی کمپنی کے شیئرز کی قیمتیں اڑان بھرنے لگیں۔کورونا وائرس کی نشاندہی کے بعد 6 ہفتوں کے اندر امریکی کمپنی موڈرنا کی تیار کردہ کورونا وائرس کے خلاف پہلی ممکنہ ویکسین کا اب انسانوں پر تجربے کا آغاز ہونے والا ہے۔
موڈرنا کمپنی کے مطابق پہلے مرحلے میں نیشنل انسٹیٹیوٹ آف الرجی اینڈ انفیکشن ڈیزیز کی جانب سے ویکسین کو محفوظ قرار دے دیا گیا ہے۔اس ضمن میں پیر کو موڈرنا moderna نے امریکی وفاقی ادارے سے ویکسن کی آزمائش کے دوسرے مرحلے کی اجازت مانگی تھی جس میں 600 افراد پر 28 دن کے فرق سے دو بار انجیکشن دیے جانے ہیں۔ اس اعلان کے ساتھ ہی موڈرنا کے شیئرز نے اچانک 7 فیصد کی اونچی چھلانگ لگائی لیکن مارکیٹ میں مندی کے باعث موڈرنا کے شیئرز کی قیمتیں بھی برقرار نہ رہ سکیں۔خیال رہے موڈرنا ان درجن بھر امریکی بائیو ٹیک کمپنیوں میں سے ایک ہے جو کووڈ 19 کی ویکسین پر کام کر رہی ہے۔ابھی تک اس وائرس کو ختم کرنے کے لیے کوئی ویکسین دستیاب نہیں ہے لیکن دنیا بھر کے سائنسدان ویکسین تیار کرنے کی سر توڑ کوشش کر رہے ہیں، کچھ ممالک میں ویکسین کا انسانوں پر ٹرائل بھی شروع کر دیا گیا ہے۔