برسلز(این این آئی )کرونا وبا کی وجہ سے یورپی ممالک میں متاثرہ افراد کی تعداد میں کمی بیشی جاری ہے۔ غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق گذشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران برطانیہ میں کرونا سے ہلاکتوں اور نئے کیسز میں کمی دیکھی گئی جب کہ فرانس اور اٹلی میں کرونا سے متاثرہ کیسز میں ایک بار پھر اضافہ سامنے آیا ہے۔ برطانوی وزیر صحت میٹ ہینکوک نے بتایا کہ برطانوی اسپتالوں میں کوویڈ19کے نتیجے میں مزید 360 افراد لقمہ اجل بن گئے
جس کے بعد ملک میں کرونا سے کل ہلاکتوں کی تعداد 21092 ہوگئی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ برطانیہ میں دیگر شہریوں کے ساتھ ساتھ طبی عملے کے 82 ارکان ، نرسیں اور ڈاکٹر بھی ہلاک ہوچکے ہیں۔ادھر اٹلی میں سول پروٹیکشن ایجنسی کا کہنا تھا کہ کرونا کی وجہ سے ہونے 333 افراد ہلاک ہوئے جب کہ کرونا سے 260 ہلاکتوں کی تصدیق کی گئی تھی۔ تاہم دوسری طرف نئے کیسز کی تعداد میں کمی دیکھی گئی ہے۔ 2324 نئے کیسز سامنے آئے۔10 مارچ کے بعد یہ متاثرین کی کم ترین تعداد ہے۔ایجنسی نے مزید کہا کہ 21 فروری کو اس بیماری کے پھیلنے کے بعد اٹلی میں ہونے والی اموات کی کل تعداد اب 26977 ہوگئی ہے جو امریکا کے بعد کرونا سے ہلاکتوں کی دوسری بڑی تعداد ہے۔ اٹلی میں 199414 افراد کرونا سے متاثر ہوئے ہیں۔فرانسیسی پبلک ہیلتھ ڈائریکٹوریٹ کے مطابق فرانس میں کرونا سے مزید 437 افراد ہلاک ہوگئے۔فرانس میں کرونا سے کل ہلاکتیں 23 ہزار 293 ہوگئی ہیں جب کہ 14 ہزار 497 افراد اسپتالوں میں ہلاک ہوئے ۔