انقرہ (این این آئی)ترکی میں گذشتہ 24 گھنٹے میں کرونا وائرس سے مزید 106 افراد جان کی بازی ہار گئے اور حکام نے 2861 نئے کیسوں کی تصدیق کی ہے۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق ترکی کی وزارت صحت نے بتایاکہ ملک میں اب کرونا وائرس سے مرنے والوں کی تعداد 2706 ہوگئی ہے اور اس وقت اس مہلک وَبا سے متاثرہ کل کیسوں کی تعداد 107770 ہوچکی ہے۔
یہ مغربی یورپ اور امریکا سے باہر واقع کسی ملک میں کرونا سے متاثرہ افراد کی سب سے زیادہ تعداد ہے۔وزارت صحت نے بتایا کہ اب تک نئے کرونا وائرس کے مصدقہ کیسوں میں 25582 افراد صحت یاب ہوچکے ہیں اور گذشتہ 24 گھنٹے میں 38308 افراد کے ٹیسٹ کیے گئے ۔اس ماہ ترکی میں اس مہلک وائرس سے 24 طبّی ارکان کی بھی اموات ہوئی ہیں۔ان کی ہلاکتوں پر ترک ڈاکٹروں کی بڑی تنظیم نے حکومت پر طبی عملہ کو تحفظ مہیا کرنے میں ناکامی کا الزام عاید کیا ہے۔ترکی میں طب کے پیشے سے وابستہ قریباً 3500 طبیب اور کارکنان بھی کرونا کا شکار ہوچکے ہیں۔ وہ ملک میں کل تصدیق شدہ کیسوں کا 3?6 فی صد ہیں۔