سٹاک ہوم(این این آئی) اسٹاک ہوم انٹرنیشنل پیس ریسرچ انسٹیٹیوٹ نے بتایا ہے کہ2019 میں دنیا بھر کے ملکوں نے اپنی اپنی افواج اور اسلحہ خریدنے پر کل 1.9 ٹریلین ڈالر خرچ کیے۔ دفا عی اخراجات میں یہ سن 2018 کے مقابلے میں 3.6 فیصد کا اضافہ ہے۔ سن 2010 کے بعد کسی بھی ایک سال میں فوجی ساز و سامان کی خریداری میں یہ سب سے زیادہ اضافہ ہے۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق یہ اعداد و شمار
اسٹاک ہوم انٹرنیشنل پیس ریسرچ انسٹیٹیوٹ(سپری)کی پیر ستائیس اپریل کو جاری ہونے والی رپورٹ میں بتائے گئے ۔ امریکا نے گزشتہ برس فوجی ساز و سامان کی خریداری پر سب سے زیادہ 732 بلین ڈالر خرچ کیے۔ اسلحے کی خریداری میں چین دوسرے نمبر پر ہے جبکہ بھارت تیسرے نمبر پر۔ سپری نے البتہ توقع ظاہر کی کہ عالمی وبا کے تناظر میں رواں سال عسکری اخراجات میں کمی دیکھی جا سکتی ہے۔