لیما(آن لائن)پیرو کے وزیر داخلہ مستعفی ہو گئے ہیں جیسا کہ چند روز قبل حکام کا کہنا تھا کہ ایک ہزار سے زائد پولیس افسران جان لیوا کورونا وائرس سے متاثر ہو گئے ہیں ۔ صدارتی آفس نے کہا کہ کارلوس موران جو کہ 16مارچ سے ملک میں لاک ڈائون کے بعد سے مستعفی ہونیوالے دوسرے وزیر ہیں،
کی جگہ پیروقومی پولیس کے جنرل گاسٹون روڈریگوئز کو وزیرداخلہ بنا دیا گیا ہے ۔موران کے استعفیٰ کی باضابطہ طور پر وجہ نہیں بتائی گئی ہے ، حکام کا رواں ہفتے کہنا تھا کہ ایک لاکھ چالیس ہزار پولیس افسران میں سے اندازاً 1300اہلکار متاثر ہیں اور وائرس کی وجہ سے ہسپتال میں داخل ہیں ۔جوہن ہاپکنز یونیورسٹی کے اعداد وشمار کے مطابق پیرو میں کووڈ۔19 کے 21ہزار سے زائد کیسز ریکارڈ ہو چکے ہیں جن میں اب تک 600ہلاکتیں ہوئی ہیں۔جنوبی امریکی ملک میں 10مئی تک نقل و حرکت پر پابندی برقرار رہے گی ، اس کی سرحدیں بھی بند ہیں ۔موران جو دو سال کے لئے صدر مارٹن وزکارا کی حکومت میں خدمات سرانجام دیتے رہے ہیں، کا استعفی 21مارچ کو وزیرصحت الزبتھ ہینوس ٹروزا کے مستعفی ہونے کے بعد سامنے آیا ہے۔