واشنگٹن /بیجنگ (این این آئی )چین میں حکام نے کرونا وائرس کے مزید 12 کیسوں کے سامنے آنے کا اعلان کیا ہے جب کہ کوئی نئی وفات نہیں ہوئی۔ادھر امریکا میں 24 گھنٹوں کے دوران کرونا کے سبب مرنے والوں کی تعداد میں نمایاں کمی آئی ہے۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق چین میں نیشنل ہیلتھ کمیٹی نے بتایاکہ ملک بھر میں کرونا کے 12 نئے متاثرین کا اندراج ہوا۔
اس سے قبل جمعرات کے روز 6 نئے کیس سامنے آئے تھے۔تازہ ترین 12 ماتثرین میں سے 11 کیس باہر سے آنے والوں کے ہیں۔چین میں کرونا کے تصدیق شدہ کیسوں کی مجموعی تعداد 82816 ہو چکی ہے۔ ان میں 4632 افراد موت کا شکار ہو چکے ہیں۔دوسری جانب امریکا میں گذشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران کرونا کے سبب 1258 مزید اموات کا اعلان کیا گیا ہے۔ جونز ہوپکنز یونیورسٹی کے مطابق یہ تقریبا 3 ہفتوں کے دوران مرنے والوں کی سب سے کم یومیہ تعداد ہے۔اس طرح اب تک امریکا میں کرونا کے سبب فوت ہونے والے افراد کی مجموعی تعداد 51017 ہو گئی ہے۔