اسلام آباد (این این آئی)وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے قومی سلامتی معید یوسف نے وزارت خارجہ میں وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی سے ملاقات کی جس میں عالمی وبائی صورتحال ،بیرون ملک مقیم وطن واپسی کے منتظر پاکستانیوں کی جلد واپسی کے حوالے سے تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا ۔ شاہ محمود نے کہاکہ بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کی واپسی کے تیسرے مرحلے کا آغاز کر دیا گیا ہے ،
تیسرے مرحلے میں، ہفتہ وار، 5 ہزار پاکستانیوں کو وطن واپس لائیں گے ۔ انہوںنے کہاکہ صوبوں کے تعاون کے ساتھ، ہماری استعداد کار بڑھے گی اور زیادہ سے زیادہ پاکستانیوں کو بیرونی ممالک سے وطن واپس لانے میں مدد ملے گی ۔انہوںنے کہاکہ کرونا وبا کے پھیلاؤ کو موثر انداز میں روکنے کیلئے، ملک بھر کے ایئر پورٹس پر ٹیسٹنگ اور قرنطینہ کی سہولیات کو خاطر خواہ بڑھا دیا گیا ہے ۔انہوںنے کہاکہ ہم ایک طرف کرونا وبا کے مقامی پھیلاؤ کو روکنے کیلئے کوشاں ہیں تو دوسری طرف اس وبائی صورتحال کے معاشی مضمرات سے نپٹنے کیلئے بھرپور کوششیں کر رہے ہیں ۔معاون خصوصی برائے قومی سلامتی معید یوسف نے بیرونی ممالک میں مقیم پاکستانیوں کی جلد وطن واپسی کیلئے وزیر خارجہ کی خصوصی کاوشوں کو سراہا۔