جنیوا(این این آئی)عالمی ادارہ صحت نے کہاہے کہ کورونا وائرس کے نوے فیصد نئے کیسز امریکا اور یورپ میں سامنے آ رہے ہیں۔ غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق ڈبلیو ایچ او کی ترجمان مارگریٹ ہیرس نے جنیوا میں منعقدہ پریس کانفرنس میں بتایا کہ نئے کورونا وائرس سے سب سے زیادہ متاثرہ براعظم یورپ کے چند ملکوں میں متاثرین تیزی سے بڑھ رہے ہیں جبکہ چند میں یومیہ اضافہ کنٹرول میں ہے۔ ان دنوں برطانیہ اور ترکی میں کووڈ انیس کے
مریض تیزی سے بڑھ رہے ہیں جب کہ اٹلی اور اسپین میں متاثرین کی تعداد کم ہوتی دکھائی دے رہی ہے۔ ڈبلیو ایچ او کی ترجمان مارگریٹ ہیرس نے جنیوا میں منعقدہ پریس کانفرنس میں بتایا کہ اس وقت نوے فیصد نئے کیسز امریکا اور یورپ میں سامنے آ رہے ہیں۔ ان کے بقول چین کے لیے سب سے بڑا خطرہ درآمدی کیسز ہیں۔ ہیرس نے مزید بتایا کہ وائرس کے خلاف کسی موثر ویکسین کی منظوری میں کم از کم بھی ایک سال کا وقت لگ سکتا ہے۔