ماسکو(این این آئی)روس کے دارالحکومت ماسکو میں کرونا وائرس نے ایک نیا حملہ کیا ہے جس کے بعد حکومت کی طرف سے گھروں میں رہنے کے احکامات کے برخلاف لوگوں کی بڑی تعداد کو وہاں سے نکلتے دیکھا گیا ہے۔میڈیارپورٹس کے مطابق دارالحکومت ماسکو کے میئر سیرگی سوبیانین نے ایک بیان میں خبردار کیا کہ کرونا کی وبا ایک نئے مرحلے میں داخل ہوگئی ہے۔ دارالحکومت میں کرونا کے
متاثرین کی تعداد ایک ہزار سے تجاوز کرگئی ہے۔ حکومت کی طرف سے شہریوں سے گھروں کے اندر رہنے کو کہا گیا مگر اس کے باوجود بڑی تعداد میں لوگ پارکوں کی طرف نکلے۔روسی حکام نے دارالحکومت ماسکو میں بازار اور تفریحی مقامات بند کردیے تھے اور شہریوں سے کہا گیا تھا کہ وہ کرونا کے خطرے کے پیش نظر اپنے گھروں سے باہر نہ نکلیں۔ روسی صدر ولادی میر پوتین نے شہریوں سے گھروں کے اندر رہنے کی اپیل کی تھی۔ماسکو کے میئر سوبیانین نے ویب سائٹ پر پوسٹ کردہ ایک بیان میں بتایا کہ ہفتے کو کم سے کم 52 ہزار لوگ پابندی کے باوجود تفریحی مقامات اور پارکوں کی طرف نکلے۔ بڑی تعداد میں عمر رسیدہ افراد نے پبلک ٹرانسپورٹ سے طویل مسافت کے سفر بھی کیے۔سوبیانین کا کہنا تھا کہ کرونا ایک نئے مرحلے میں داخل ہوگیا ہے۔ ماسکو میں عملا ایک ہزار افراد کرونا کا شکار ہوگئے ہیں۔ اب بچنے کا کوئی راستہ نہیں بچا ہے۔روس میں سرکاری سطح پر جاری کردہ اعدادو شمار کے مطابق گذشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران کرونا کے مزید 270 مریضوں کی نشاندہی کی گئی ہے جس کے بعد متاثرین کی تعداد 1534 ہوگئی ہے جب کہ نو افراد ہلاک ہوچکے ہیں۔ ان میں صرف ماسکو میں سات افراد ہلاک ہوئے ۔