نئی دہلی (این این آئی)بھارتی دارالحکومت نئی دلی کی اروند کجریوال حکومت نے جواہر لال نہرو یونیورسٹی کی طلبہ یونین کے سابق صدر کنہیا کمارکے خلاف غداری کا مقدمہ چلانے کی منظور ی دیدی ہے۔ کشمیر میڈیاسروس کے مطابق کنہیا کمار پر غداری کا مقدمہ چلانے کی اجازت دینے سے متعلق فائل دہلی حکومت کے محکمہ داخلہ کے پاس کافی عرصے سے پڑی ہوئی تھی۔ پولیس نے کنہیا کمار کے علاوہ سات دیگر طلباء پر 2016میں نئی دلی کی جواہر لال نہرو یونیورسٹی کے
کمپلکس میں بھارت مخالف نعرے لگوانے کے الزام میں ایک برس قبل فرد جرم داخل کر دی تھی۔ ان پر بھار ت سے غداری سمیت آٹھ دفعات لگائی گئی ہیں ۔ کجریوال حکومت نے اب ان سب کے خلاف باقاعدہ طو رپر غداری کا مقدمہ چلانے کی منظور ی دی ہے۔ یاد رہے کہ کنہیا کمار بھارتی جنتاپارٹی کی حکومت کی طرف سے پاس کیے جانے والے متنازعہ شہریت ترمیمی بل کے خلاف انتہائی سرگرام ہیں اور انہوں نے اسکے خلاف ریاست بہار میں احتجاجی جلسوں اور ر یلیوںکا سلسلہ شروع کر رکھا ہے۔