نئی دہلی(آئی این پی)بھارت کی وزارت خارجہ نے ترک سفیر کو طلب کر کے ترک صدر رجب طیب اردوان کے بیان پر شدید احتجاج ریکارڈ کروایا ہے۔تفصیلات کے مطابق بھارت نے مبینہ طور پر ترک سفیر ساکر اوزان تورونلر کو وزارت خارجہ طلب کرکے متنبہ کیا ہے کہ اردوان کے حالیہ دورہ پاکستان کے دوران ان کے بیانات بھارت کیلئے ناقابل قبول ہیں۔بھارتی وزارت خارجہ کے ترجمان نے کہا کہ اردوان کے کشمیر میں “یکطرفہ اقدامات” اٹھائے جانے کے الزامات سے
ظاہر ہوتا ہے کہ انہیں نہ تو تاریخ کی سمجھ ہے اور نہ ہی سفارتکاری کے طرز عمل کی۔وزارت کے ترجمان رویش کمار نے کہا کہ یہ واقعہ دوسرے ممالک کے اندرونی معاملات میں ترکی کی مداخلت کی ایک اور مثال ہے۔ انہوں نے زور دے کر کہا کہ نئی دہلی ان ریمارکس کو ناقابل قبول سمجھتی ہے اور انقرہ پر الزام لگایا کہ وہ پاکستان کی جانب سے کی جانے والی مبینہ سرحد پار سے ہونے والی دہشت گردی کو جواز فراہم کرنے کیلئے بار بار کوششیں کررہا ہے۔