بیجنگ(آن لائن)چین میں کورونا وائرس سے بچاو کے لیے حفاظتی ماسک کی قلت ہوگئی ہے۔چین کے اسٹورز پر ماسک کی فروخت معمول سے تقریباً پانچ گنا زیادہ ہو گئی ہے،جس کے باعث اکثر میڈیکل سٹورز پر ماسک دستیاب نہیں ہے۔چینی شہری کورونا وائرس سے تحفظ کے لیے حفاظتی ماسک کی تیزی سے خریداری کر رہے ہیں جبکہ چینی نئے قمری سال کی تعطیلات کے آغاز پر ماسک کی فروخت میں اضافہ ہوا ہے۔ماسک تیار کرنے
والی جاپانی کمپنیاں بڑھتی طلب پوری کرنے کے لیے اپنی پیداوار میں اضافہ کر رہی ہیں۔ واضح رہے کہ چین گزشتہ کئی روز سے ایک نئی وبا کا شکار ہے جس کی علامات نمونیا سے ملتی جلتی ہیں، لیکن اس بیماری کی وجہ ایک نیا وائرس ہے جس کا تعلق ’’کورونا‘‘ (Corona) قسم کے وائرس کے خاندان سے ہے۔اس وبا کا آغازچونکہ چینی شہر ووہان سے ہوا تھا، اس لیے یہ وائرس بھی فی الحال ’’ووہان وائرس‘‘ ہی کے نام سے مشہور ہورہا ہے۔