اوٹاوا( آن لائن )کینیڈا کے وزیر اعظم جسٹن ٹروڈو نے کہا ہے کہ امریکہ کشیدگی پیدا نہ کرتا تو ایران میں مسافرطیارہ تباہ نہ ہوتا اور ہمارے طیارے کے حادثے میں ہلاک ہونے والے شہری ہمارے درمیان موجود ہوتے ،انہوں نے کہا کہ ایسے میں ایران اور امریکہ کے درمیان بڑھتی ہوئی کشیدگی کو نظر انداز نہیں کیا جا سکتا ۔کینیڈین ٹی وی کو دئیے گئے انٹرویو میں ان کا کہنا تھا کہ اگر علاقائی کشیدگی میں اضافہ نہ ہوتا تو میرا خیال ہے کہ
طیارے میں مرنے والے ہمارے ہم وطن آج اپنے خاندانوں کے درمیان زندہ ہوتے۔ انہوں نے کہا کہ عالمی برادری کا غیر ایٹمی ایران کے حوالے سے بڑا واضح موقف ہے لیکن خطے میں پیدا ہونے والے تنا ئوکا بھی خاتمہ چاہتی ہے جو امریکی اقدامات کی وجہ سے پیدا ہوئی۔ واضح رہے کہ یوکرائن کا طیارہ بوئنگ 737 گزشتہ بدھ کو تہران سے روانہ ہوتے ہی میزائل حملے میں تباہ ہوا تھا جس میں ہلاک ہونے والی176 مسافروں میں 57 کینیڈین شہری بھی شامل تھے۔