اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک) یوکرائنی مسافر طیارے کی تباہی کے اعتراف کے بعد ایرانی صدر حسن روحانی نے کہا ہے کہ ایران کو اس المناک غلطی پر گہرا افسوس ہے، ناقابل معافی واقعے کے ذمہ داروں کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔سوشل میڈیا پر اپنے ایک بیان میں حسن روحانی نے کہا کہ مسلح افواج اندرونی تحقیقات کے بعد اس نتیجے پر پہنچیں کہ میزائل انسانی غلطی کی وجہ سے فائر ہوا
جس کے نتیجے میں یوکرائنی طیارہ تباہ ہوااور 176 معصوم لوگ مارے گئے ۔ انہوں نے مزید لکھا کہ اس بڑے صدمے اور ناقابل معافی غلطی کے ذمہ داران کا تعین کرنے اور سزا دینے کے لیے تفتیش جاری ہے “۔ایک اور ٹوئیٹ میں انہوں نے لکھا کہ اسلامک ریپبلک آف ایران کو اس تباہ کن غلطی پر شدید افسوس ہے ، ہماری تمام ہمدردیاں متاثرہ خاندانوں کے ساتھ ہیں اور میں ان کے ساتھ تعزیت کرتاہوں۔