سرینگر(این این آئی)بھارتی حکومت کی طرف سے مقبوضہ وادی کشمیر میں سیب خریدنے کیلئے متعارف کی گئی ایجنسی’’ ایگریکلچرل کوآپریٹیو مارکیٹنگ فیڈریشن آف انڈیا‘‘نے سیبوں کے ریٹ کم کرانے کیلئے فروٹ منڈیوں میں اپنا آپریشن بند کر دیا ہے جسکی وجہ سے ہزاروں کی تعداد میں سیبوں کی پیٹیاں خراب ہونا شروع ہو گئی ہیں۔ کشمیر میڈیاسروس کے مطابق ضلع اسلام آباد کے علاقے بوٹینگو میں واقع فروٹ منڈی میں اس وقت پندرہ ہزار سے
زائد سیبوں سے بھری پیٹیاں موجو د ہیں ، جن میں موجود سیب پڑے پڑے خراب ہونا شروع ہو گئے ہیں ۔ شوکت احمد گنائی نامی ایک باغ کے مالک نے بھارتی خبر رساںادارے کو بتا یا کہ بھارتی ایجنسی نے سات دسمبر کو اچانک سیبوں کی خریدار ی کا عمل روک دیاتھا ۔ شوکت گنائی نے کہا کہ انکی چھ کے قریب پیٹیاں منڈی میں خدا کے رحم و کرم پر ہیں اور اگر وہ مزید کچھ روز اسی طرح پڑی رہیں تو سارا سیب ضائع ہو جائے گااور لاکھوں روپے کا نقصان ہو گا۔